مانو میں داخلے کی آخری تاریخ اب 10 نومبر

   

نئی دہلی : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نظامت فاصلاتی تعلیم میں داخلے میں رجسٹریشن کرنے کی آخر ی تاریخ 20اکتوبر تھی اسے بڑھا کر 10نومبر کردیا گیا ہے ۔ یہ اطلاع دہلی ریجنل سینٹر کی انچارج محترمہ روچیکا کیم نے دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تاریخ بڑھانے کا ہمارا مقصد زیادہ اردوداں اور خاص طور پر مدارس کے طلبہ کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے اہل مدارس سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں طلبہ کو بی اے ، ایم اے ، ڈپلوما کورسز میں داخلہ کے لئے ترغیب دیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ جو مدارس منظور شدہ نہیں ہیں یا اور کوئی یونیورسٹی ان کے اسناد کو تسلیم نہیں کرتی، تو اس صورت میں وہ کیسے داخلہ لیں، اس کے جواب انہوں نے کہاکہ اہل مدارس مولانا آزاد اردو یونیورسٹی سے رابطہ قائم کرکے منظوری حاصل کرسکتے ہیں۔وہ پہلے اپلائی کریں اور ہماری ٹیم جائز ہ لیکر مدارس کو منظوری دے گی اس کے بعد براہ راست ان مدارس کے بچے مانو کے کورسز میں داخلہ کے اہل ہوں گے ۔ ڈپلوما ان جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے بارے میں انہوں نے کہاکہ آئی آئی ایم سی سے ہمارا ٹائی اپ ہوگیا ہے ، اس سے متعلق کئی کورسز شروع کرنے جارہے ہیں۔