29 مارچ کو امتحانات کا اختتام۔ امتحانی پرچوں کی جانچ کا عمل شروع
حیدرآباد۔یکم؍ اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج مئی کے پہلے ہفتہ میں جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ انٹر سال اول اور سال دوم کے امتحانات گذشتہ ماہ 29 ماچ کو اختتام کو پہنچے۔ انٹر سیکنڈ ایئر کے امتحانات میں 4,02,630 طلبہ نے شرکت کی جبکہ انٹر فرسٹ ایئر میں 4,82,619 طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ دوبارہ ایمسٹ، نیٹ، جے ای ای امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے۔ انٹر امتحانات کے اختتام کے بعد ا نٹر بورڈ کی جانب سے پرچوں کی جانچ پر ساری توجہ مرکوز کردی گئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتہ ہی امتحانی پرچوں کی جانچ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ماضی میں پیش آئی غلطیوں کو دوبارہ دہرایا نہ جائے اس کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔ امتحانی پرچوں کی جانچ کو بڑی احتیاط کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے۔ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے تو عہدیدار مئی کے پہلے ہفتہ میں نتائج جاری ہونے کی توقع کررہے ہیں کیونکہ یکم جون سے انٹر کلاسیس کا آغاز ہورہا ہے۔ سکریٹری انٹر بورڈ نوین متل نے بتایا کہ اس سال 35 لاکھ سوالیہ پرچوں کی آن لائن جانچ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دسویں جماعت کے امتحانات ختم ہونے سے پہلے انٹر کالجس میں درخواستوں کے ادخال کے عمل کو مکمل کرلیا جائے۔ن