بیٹی نے بوائے فرینڈ کے ساتھ باپ کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا
بنگلور ۔ 19 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلور میں پیش آئے ایک انتہائی شرمناک و دلخراش وارادت میں دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے اپنے بوائے فرینڈ کی مدد سے خود اپنے ہی محو خواب باپ کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا ۔ بعد ازاں نعش پر آگ چھڑک کر آگ لگادی ۔ یہ لڑکی اپنے باپ پر برہم تھی کیونکہ جو لڑکے سے اس کے روابط پر اعتراض کررہا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ( اے سی پی ) دھننجے کمار نے کہا کہ 15 سالہ لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ 18 سالہ پراوین کو اتوار کی علی الصبح جئے کمار جین کے قتل کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا گیاہے ۔ پولیس نے کہاکہ جئے کمار کا تعلق راجستھان سے تھا اور اجیہ جی نگر میں اس کی ملبوسات کی دوکان تھی۔ بیان کیا جاتا ہیکہ جئے کمار اپنی بیوی اور بیٹے کو شادی میں شرکت کے لئے پڈوچری روانگی کے لئے ریلوے اسٹیشن چھوڑکر گھر واپس ہوا تھا اور لڑکی نے اُس کو دودھ میں خواب آور گولیاں ملاکر دیا ۔ جئے کمار تھوڑی ہی دیر بعد گہری نیند میں چلاگیا ۔ لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے مبینہ طورپر چاقو گھونپ کر موت کے گھاٹ اُتار دیا ۔