نئی دہلی : کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر کوویڈ ۔ 19 بحران سے نمٹنے کے اس کے طریقے پر شدید تنقید میں کہا کہ ایسے وقت جب کیسوں میں دھماکو اضافہ ہونے لگا ہے ، ریاستی نظم و نسق کی کورونا وائرس کے خلاف موجودہ پالیسی مزید خطرناک صورتال کا موجب بنے گی ۔ چیف منسٹر اترپردیش کو موسومہ مکتوب میں کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور عالمی وباء کے خلاف لڑائی محض تشہیر اور خبروں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سے نہیں لڑی جاسکتی ۔ جمعہ کو یو پی میں کورونا کے 2,500 نئے کیس سامنے آئے ۔ پرینکا نے بتایا کہ حکومت کے دعویٰ کے مطابق 1.5 لاکھ بیڈس کی گنجائش ہے لیکن ریاست میں صرف 20 ہزار فعال کیس ہونے کے باوجود بیڈس کیلئے مارا ماری ہورہی ہے ۔ پرینکا نے کہا کہ اگر ہاسپٹلس کے روبرو ہجوم اکٹھا ہورہا ہے تو یو پی حکومت ممبئی اور دہلی کی طرح عارضی ہاسپٹل کیوں تعمیر نہیں کررہی ہے ۔۔