ممبئی،30جولائی(یواین آئی)محمد رفیع ہندوستان کے معروف اور عظیم ترین گلوکاروں میں سے ایک تھے جن کی جادوئی آواز نے دہائیوں تک کروڑوں لوگوں کے دلوں پر حکومت کی۔ انہوں نے ہندوستانی سنیما کو بے شمار یادگار، خوبصورت اور سدا بہار نغمے دیے جن میں غزلیں، دیش بھکتی کے گیت، قوالیاں، اور محبت بھرے گانے شامل ہیں۔ ان کی ہمہ جہت آواز اور شفیق شخصیت کی وجہ سے انہیں موسیقی کی دنیا میں انتہائی احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ پنجاب کے کوٹلہ سلطان سنگھ گاؤں میں 24دسمبر 1924 کو ایک متوسط مسلم خاندان میں پیدا ہوئے ۔ محمد رفیع ایک فقیر کے نغمے کو اکثر سنا کرتے تھے ،جس سے ان کے دل میں موسیقی کے تئیں محبت پیدا ہوگئی۔ سال 1949 میں نوشاد کی موسیقی کی ہدایت میں فلم دلاری میں گائے گانے سہانی رات ڈھل چکی .. کے ذریعے ان پر کامیابی کے دروازے کھل گئے ۔ دلیپ کمار، دیو آنند، شمی کپور، راجندر کمار، ششی کپور، راجکمارجیسے نامور ہیرو کی آواز کہے جانے والے رفیع نے اپنے طویل کریئر میں تقریباً 700 فلموں کیلئے 26000 سے بھی زیادہ گانے گائے ۔محمد رفیع نے ہندی فلموں کے علاوہ مراٹھی اور تیلگو فلموں کیلئے بھی گانے گائے ۔ محمد رفیع کو اپنے کریئر میں چھ بار فلم فیئر ایوارڈ سے اور 1965میں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازاگیا۔