لندن۔ برطانوی محمد عامر کیلئے آئی پی ایل کا دروازہ کھلنے کا امکان ہے جب کہ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش پاکستانی سابق فاسٹ بولر اپنا مستقبل انگلینڈمیں دیکھنے لگے ہیں۔محمد عامر نے موجودہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ سے دلبرداشتہ ہوکر بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا،ان دنوں وہ اپنے خاندان کیساتھ انگلینڈ میں سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں اورابھی تک انہیں غیر معینہ مدت تک قیام کا اجازت نامہ مل چکا ہے اور اگر ان کو برطانوی شہریت مل جاتی ہے تو آئی پی ایل میں شرکت اور بھاری کمائی کا موقع ہاتھ آسکتا ہے۔اس ضمن میں محمد عامر نے کہا ہے کہ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ہندوستانی لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو منتخب نہ کرنے کی غیر اعلانیہ پالیسی پر ایک عرصہ سے عمل کیا جارہا ہے لیکن برطانوی شہریت حاصل ہونے کے بعد سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے اسکواڈ میں شامل کیاگیا تھا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ فی الحال مجھے غیر معینہ مدت کیلیے انگلینڈ میں رہنے کا پروانہ جاری کیا جاچکا ہے، مزید 6 یا 7سال تک کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتا ہوں، میرے بچوں کو برطانیہ میں رہنا اور تعلیم حاصل کرنا ہے، زندگی کا بیشتر وقت اب وہیں پرگزارنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے مستقبل کے امکانات کے بارے میں نہیں سوچا، دیکھوں گا کہ مستقبل میں شہریت حاصل ہونے کے بعد کیا مواقع سامنے آتے ہیں، فی الحال انگلینڈ میں اپنے قیام سے بھرپور لطف اندورز ہوتے ہوئے کرکٹ کھیل رہا ہوں، دنیا کی مختلف لیگز میں جہاں بھی موقع ملا شرکت کروں گا۔یاد رہے کہ محمد عامر نے گزشتہ سال دسمبر میں سبکدوشی کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد رواں سال فروری، مارچ میں پی ایس ایل6 میں کراچی کنگز کی جانب ایکشن میں نظر آئے تھے۔