محکمہ مال میں جی پی او کی 10,924 جائیدادیں منظور

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر ریونت ریڈی کی حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کو خوشخبری سنائی ہے ۔ محکمہ فینانس نے محکمہ مال میں ویلیج گورننس آفیسرس (GPO) کی جملہ 10,924 جائیدادوں کو منظوری دی ہے اور اس سلسلے میں احکامات میں بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ نئے ویلیج ریونیو آفیسرس کے نظام کو جی پی او کا نام دیا گیا ہے ۔ سابق وی آر اوز ، سابق اے آر ایز سے آپشن حاصل کرتے ہوئے ان کے تقررات کئے جائیں گے ۔ کانگریس حکومت انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کر کے پورے کررہی ہے ۔ 6 ضمانتوں میں چند اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس تناظر میں ریاستی حکومت نے چند دن قبل ہی ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے کے لیے راجیو یووا وکاسم اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی اہل نوجوانوں کو 4 لاکھ روپئے تک سبسیڈی قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس اسکیم سے 5 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو فائدہ پہونچانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ قرض کے لحاظ سے 60 تا 80 فیصد تک سبسیڈی فراہم کی جائے گی ۔5 اپریل تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ 6 اپریل تا 31 مئی تک درخواستوں کی جانچ ہوگی ۔ 2 جون کو سبسیڈی قرض منظور کیا جائے گا ۔۔2