محکمہ پولیس میں 3966 جائیدادوں پر تقررات کو کابینہ کی منظوری

   

شہر کے تینوں پولیس کمشنریٹس میں نئے پولیس اسٹیشن ، نئے سرکلس اور نئے ڈیویژنس کی تشکیل کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : محکمہ پولیس میں 3966 جائیدادوں پر تقررات کے لیے کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں آج پرگتی بھون میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں ملک کے لیے مثالی ثابت ہونے والے محکمہ پولیس کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئی وجود میں آنے والی ٹکنالوجی ، بدلتے ہوئے سماجی حالات اور جرائم کے بدلتے ہوئے نمونوں کے پیش نظر جرائم پر قابو پانے کے لیے نئی ٹکنالوجی استعمال کرنے اور اس کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے محکمہ پولیس میں نئے تقررات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کابینہ کے اجلاس میں منشیات ، گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء کے استعمال سے نوجوانوں کے مستقبل کو پہونچنے والے نقصانات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا جس کے بعد محکمہ پولیس میں بھاری تعداد میں تقررات کرنے کو منظوری دی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی منشیات کے جرائم کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لیے محکمہ پولیس میں ایک خصوصی یونٹ قائم کیا ہے ۔ جس کے حصے کے طور پر حیدرآباد ، سائبر آباد ، رچہ کنڈہ کمشنریٹ ، کمانڈ کنٹرول سنٹر ، نارکوٹکس کنٹرول بیورو ، تلنگانہ سائبر سیفٹی بیورو کے حدود میں 3966 جائیدادوں پر مختلف زمروں میں تقررات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی محکمہ داخلہ کو تقررات کے عمل کا آغاز کردینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ تینوں پولیس کمشنریٹس کے حدود میں لا اینڈ آرڈر کو مزید طاقتور بنانے کے لیے مزید پولیس اسٹیشن ، نئے سرکلس ، نئے ڈیویژنس تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہے ۔۔ ن