بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی ڈاکٹر موہن یادو نے آج اپنی تیرہ دن پرانی کابینہ کی توسیع کرتے ہوئے 18 کابینی وزیر اور دس وزرائے مملکت کو شامل کیا ہے ۔کابینہ میں نئے اور نوجوان چہروں کو بھی اہمیت دی گئی ہے ۔ سابق شیوراج سنگھ چوہان حکومت کی کابینہ میں شامل کئی چہروں کو اس بار وزارتی عہدہ نہیں دیا گیا ہے ۔راج بھون میں منعقدہ ایک باوقار اور مختصر
تقریب میں گورنر منگو بھائی پٹیل نے نو تعینات وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ سینئر ایم ایل اے کیلاش وجے ورگیہ، پرہلاد پٹیل، راکیش سنگھ، راؤ ادے پرتاپ سنگھ، کرن سنگھ ورما، پردیومن سنگھ تومر، وجے شاہ، سمپتیا اوئیکے ، نرملا بھوریہ، تلسی سلاوت، ایدل سنگھ کنسانہ، گووند سنگھ راجپوت، وشواس سارنگ، ناگر سنگھ چوہان، چیتنیہ کشیپ، اندر سنگھ پرمار، راکیش شکلا اور نارائن سنگھ کشواہا نے کابینہ کے وزیر کے طور پر حلف لیا۔