جے شری رام بولنے سے انکار پر کپڑے اتار کر پیٹائی‘ 2گرفتار
مرادآباد: اتر پردیش کے مرادآباد کے ایک مسلم تاجر کے ساتھ موب لنچنگ کی واردات انجام دی گئی ہے۔ میڈیاکے مطابق دہلی سے مرادآباد آتے وقت پدماوت ایکسپریس ٹرین میں کچھ شرپسندوں نے کاروباری کے ساتھ لنچنگ کی واردات کو انجام دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد ریلوے پولیس نے دو ملزمین کو بریلی اسٹیشن سے گرفتار کر لیا۔متاثرہ کاروباری عاصم حسین نے بتایا کہ وہ پیتل کا کاروبار کرتے ہیں اور اسی سلسلہ میں دہلی گئے تھے۔ واپس لوٹتے وقت وہ پدماوت ایکسپریس کے جنرل ڈبے میں سوار تھے۔ جس وقت ٹرین ہاپوڑ اسٹیشن پر ٹھہری تو اس میں کچھ نوجوان داخل ہو گئے، جنہوں نے چلتی ٹرین میں ان کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔ عاصم نے کہا کہ حملہ آوروں نے ان کی داڑھی کھینچی اور انہیں چور کہہ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔عاصم حسین نے بتایا کہ حملہ آوروں نے انہیں جے شری رام کا نعرہ لگانے کو کہا اور جب انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا تو ان کے کپڑے اتار دیئے اور بیلٹ سے بری طرح مارنا شروع کر دیا اور انہیں اس حد تک زدوکوب کیا کہ وہ بے ہوش ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے وقت ٹرین کے ڈبے میں کافی لوگ موجود تھے لیکن کسی نے انہیں بچانے کی کوشش نہیں کی اور غنڈے انہیں مارتے رہے۔ اسی دوران جب ٹرین مرادآباد اسٹیشن کے قریب پہنچی تو پلیٹ فارم سے پہلے ہی کسی نے انہیں ٹرین سے نیچے پھینک دیا۔رات کو وہ ایک جاننے والے کی مدد سے گھر پہنچے۔ خوف کی وجہ سے انہوں نے اس واقعہ کی پولیس میں شکایت بھی درج نہیں کرائی لیکن کسی نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد ریلوے پولیس بھی حرکت میں آ گئی اور اپنی سطح پر کارروائی کی۔جی آر پی مرادآباد کے سی او کا کہنا ہے کہ ٹرین میں لنچنگ کے واقعہ میں ملوث دو نوجوانوں کو پولیس نے بریلی ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متاثرہ تاجر نے مرادآباد جی آر پی میں اس واقعہ کی شکایت درج کرا دی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ کی شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔ یہ واقعہ سنگین ہے اسی لیے سنجیدگی سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔اس درمیان کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے مراد آباد مہانگر صدر وقیع رشید نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی ۔
کر پورے معاملے کی جانکاری دی ہے۔ انھوں نے جاری بیان میں بتایا ہے کہ 14 جنوری کو مراد آباد کے مہانگر دفتر پر ایک میٹنگ کی گئی جس میں مراد آباد کے پیرزادہ کے رہنے والے محمد عاصم پر پدماوت ایکسپریس میں داڑھی پکڑ کر پیٹنے اور جئے شری رام کا نعرہ لگوائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس واقعہ کی خبر ملتے ہی مراد آباد کے مہانگر صدر حاجی وقیع رشید صلاح و مشورہ کے بعد ایڈووکیٹ محمد عاصم کے ساتھ جی آر پی تھانے پہنچے اور ایف آئی آر درج کرانے کے لیے تحریر دی جس میں جی آر پی سی او دیوی دیال نے قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔‘‘پریس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر محمد عاصم کے ساتھ ہوئے واقعہ میں ملوث سبھی قصورواروں پر کارروائی نہیں ہوتی ہے تو مراد آباد نگر مجلس تحریک کرنے کے لیے مجبور ہوگی۔