مراٹھواڑہ کے ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے

   

چھترپتی سمبھاجی نگر: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ علاقے میں جمعرات کی صبح 6.10 بجے ریکٹر اسکیل پر 4.5 کی شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد مراٹھواڑہ کے ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع کے کچھ حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔اطلاعات کے مطابق آج صبح آنے والے زلزلے سے پورا ناندیڑ جاگ گیا۔ صبح شہر کے بیشتر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ناندیڑ شہر سمیت دیہی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلے کا مرکز اکھاڑا بالاپور تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 3 مارچ کو ناندیڑ شہر کے شمالی حصے میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ۔ زلزلے کے جھٹکے ہنگولی ضلع میں صبح 6.07 اور 06.19 بجے وسمت، کلمنوری، اوندھا ناگناتھ تعلقہ کے کئی گاؤں پر محسوس کیے گئے ۔ زمین سے تیز آوازیں آئیں اور زمین ہلنے لگی جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے ۔ہنگولی ضلع ایمرجنسی روم نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر 4.5 کی شدت کا زلزلہ ضلع ہنگولی میں محسوس کیا گیا، جب کہ دوسرے جھٹکے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.6 تھی۔