معیار تعلیم اور بہتر سہولتوں کی ستائش
حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری سرینواس آر کٹکی تھالا آئی اے ایس نے آج اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے اسکولس کا ظہیر آباد میں دورہ کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بوائز اور گرلز اسکولس کا معائنہ کیا۔ وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری نے ریاست میں تعلیم سے متعلق مرکزی حکومت کی اسکیم پر موثر عمل آوری کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی طلبہ کو مختلف شعبہ جات میں مہارت پر مبنی کورسس پر عمل پیرا ہے۔ سنٹر آف ایکسلینس کے علاوہ ووکیشنل کورسس پر عمل کیا جارہا ہے ۔ مرکزی سکریٹری نے کلاس رومس لیباریٹریز اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسکولس میں طلبہ کی تعداد اور معیار تعلیم کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ 2016 ء سے اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس کام کر رہے ہیں ۔ مرکزی سکریٹری نے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی قابلیت اور صلاحیتوں سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا مستقبل تابناک رہے گا۔ انہوں نے معیار تعلیم اور اسکولس اور کالجس میں تعلیمی سہولتوں کی ستائش کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کی گئیں اسکل ڈیولپمنٹ اسکیمات پر عمل آوری کا مشورہ دیا۔1