نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر ہندوستانی خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی خواتین سائنسدانوں کیلئے یوم جمہوریہ کے استقبالیہ کا اہتمام کیا ۔ان میں نامور خواتین سائنسدانوں کی ٹیم بھی شامل تھی جس نے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں اسرو کے ٹیبلو کی قیادت کی جس میں چندریان، آدتیہ L1 اور دیگر حالیہ کامیابی کی کہانیوں کو دکھایا گیا جس نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی اور 140 کروڑ ہندوستانیوں میں سے ہر ایک کو اسرو سے جوڑا۔اسرو ٹیبلو کی قیادت مکمل طور پر آٹھ خواتین سائنسدانوں نے کی، جبکہ 220 مدعو خواتین سائنسدانوں نے اپنی شریک حیات کے ساتھ دستے کی حوصلہ افزائی کی ۔ تمام خواتین کا دستہ بنگلورو، احمد آباد، ترواننت پورم اور سری ہری کوٹا میں واقع اسرو کے مختلف مراکز سے آیا تھا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ عزت و افتخار کا یہ دن وزیر اعظم نریندر مودی کی وجہ سے ممکن ہوا جنہوں نے نئی خلائی اصلاحات کیں اور خلائی شعبے کو ماضی کی زنجیروں سے آزاد کرایا۔خواتین سائنسدانوں نے کہا انہوں نے بے ساختہ تالیاں بجانے کیلئے انتہائی اعزاز اور فخر محسوس کیا جب اسرو کے ٹیبلو نے کرتویہ پتھ پر پریڈ کی۔قوم کے سامنے اپنی کامیابیوں کو دکھانے کا موقع فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خواتین سائنسدانوں نے کہا کہ وہ قومی دارالحکومت دہلی میں اپنی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئی ہیں جس نے دہلی کی سردی کو بھلا دیا۔
سدارامیا کے قریب آنے پر ایک شخص گرفتار
بنگلورو: یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے رابطہ کرنے والے ایک شخص کو ریاستی پولیس نے حراست میں لے لیا۔اس شخص نے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے رابطہ کیا تھا تاکہ کانگریس حکومت کی ’غلط حکمرانی‘ پر اپنی رائے کا اظہار کیا جا سکے ۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں ایک شخص چیف منسٹر سدارامیا کے قریب پہنچ کر احتجاج میں پلے کارڈز اور گریفٹی زمین پر پھینکتے ہوئے نظر آرہا ہے۔اس شخص کی شناخت پرشوتم کے طور پر ہوئی ہے اور پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔