مرکزی وزراء دہلی کے فضائی ٹکٹس بک کروانے سرگرم ۔ دوپہر تک پہونچنے کی ہدایت
نئی دہلی 26 اپریل ( ایجنسیز ) مرکزی وزیر پارلیمانی امور مسٹر کرن رجیجو کی جانب سے پارلیمنٹ سشن کے انعقاد کے اعلان کے فوری بعد حکومت نے جمعہ کو کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک کے مختلف حصوں میں دوروں پر گئے اور مصروفیت کا شکار مرکزی وزراء کو کل دو پہر ایک بجے تک دارالحکومت دہلی پہونچنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ کابینہ کا کل اجلاس دہلی میں طلب کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹ اجلاس کے ایجنڈہ کو قطعیت دئے جانے کا امکان ہے ۔ یہ واضح اشارے مل چکے ہیں کہ حکومت حلقہ جات کی از سر نو حد بندی اور خواتین تحفظات بل کو ایوان میں پیش کرنے کی تیاری کرچکی ہے ۔ چہارشنبہ کو ہوئے ایک اجلاس کے بعد کچھ مرکزی وزراء دہلی ہی میں مقیم ہیں جبکہ دوسرے وزراء دوروں پر روانہ ہوگئے تھے ۔ کچھ اپنی آبائی ریاستوں کو اور کچھ دوسرے شہروں کے دورے پر ہیں۔ اب وزراء کو کل دوپہر تک دہلی پہونچنے کی ہدایت دی گئی ہے اور وہ جتنا جلد ممکن ہوسکے بکنگ کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کابینہ کا اجلاس پہلی مرتبہ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ منعقد ہونے جا رہا ہے جبکہ اکثر و بیشتر یہ اجلاس ہر ہفتے ایک بار منعقد ہوا کرتا ہے ۔ کہا جا رہا تھا کہ پارلیمنٹ اجلاس انتہائی جلد بازی میں طلب کیا جاسکتا ہے اس لئے این ڈی اے کے قائدین اور ارکان پارلیمنٹ دہلی میں ہی رکے ہوئے تھے ۔ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ ڈسمبر کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ سشن منعقد کیا جاسکتا ہے تاہم اب 30 نومبر کو لوک سبھا کا اور 2 ڈسمبر کو راجیہ سبھا کا اجلاس منعقد کرنے کاف یصلہ کیا گیا ہے ۔ اپوزیشن نے انتہائی مختصر نوٹس پر سشن طلب کرنے کے فیصلے پر تنقید کی ہے اور کہا کہ حکومت پہلے ہی سے اس تعلق سے تیاری کر رہی تھی اور اس نے اسی مقصد کے تحت پارلیمنٹ مانسون سشن کو غیر معینہ مدت کیلئے ختم کرنے کیلئے احکام جاری نہیں کئے تھے ۔اپوزیشن جماعتوں کو پہلے ہی سے شبہات لاحق تھے کہ حکومت غیر جمہوری انداز میں حلقہ جات کی ازسر نو حد بندی اور خواتین تحفظات بل کو پیش کرنے اور منظور کروانے کی کوشش کرسکتی ہے ۔