نئی شرح یکم اپریل سے نافذ‘پرتشدد احتجاج کے بعد یوپی حکومت کا اعلان
نئی دہلی ۔14؍اپریل( ایجنسیز) دہلی سے ملحق اترپردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مزدوروں کے پرتشدد احتجاج کے بعد حکومت نے پیر کو دیررات کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر مزدوروں کی کم از کم اجرت کی شرح میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئے احکامات یکم اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ حکم نامہ کے مطابق یہ اضافہ مختلف زمروں میں کیا گیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 3000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے مزدوروں کی بڑی تعداد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔چارٹ کے مطابق گوتم بدھ نگر اور غازی آباد میں غیر ہنر مند مزدوروں کی اجرت 11,313 سے بڑھا کر 13,690 روپے کر دی گئی ہے ۔ وہیں نیم ہنر مند مزدوروں کی اجرت 12,445 سے بڑھا کر 15,059 روپے کر دی گئی ہے۔ اس میں 2,614 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ہنر مندمزدوروں کی اجرت 13940 سے بڑھا کر 16868 روپے کر دی گئی ہے اس میں 2928 کا اضافہ کیا گیا ہے۔دیگر میونسپل کارپوریشن علاقوں میں غیر ہنر مند مزدوروں کی اجرت 11313 سے بڑھا کر 13006 کر دی گئی ہے۔ اس میں 1693 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے وہیں نیم ہنر مند مزدوروں کی اجرت 12445 میں 1861 روپے بڑھا کر 14306 کر دی گئی ہے۔ جبکہ ہنر مند مزدوروں کی اجرت 13940 سے بڑھا کر 16025 کردی گئی ہے یعنی اس میں 2085 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔سرکاری احکامات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صنعت کو اس وقت کئی معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، برآمدات میں کمی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت شامل ہیں۔لیبر قوانین کے تحت جامع جائزہ کے ساتھ ویج بورڈ کے ذریعے مستقل حل کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پریس ریلیز میں سوشل میڈیا پر کم از کم اجرت 20ہزار روپے مقرر کیے جانے سے متعلق خبروں کو گمراہ کن بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صرف سرکاری احکامات پر ہی بھروسہ کیا جائے۔