مساجد کی حفاظت اور امن کو یقینی بنانے چیف منسٹر ہماچل پردیش کا تیقن

   

ہر شہری کی حفاظت اور سیکولر جذبہ کا تحفظ کانگریس کی ترجیح :عمران پرتاپ گڑھی
نئی دہلی: رکن راجیہ سبھا اور اے آئی سی سی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر عمران پرتاپ گڑھی نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی۔ اس اجلاس میں ہماچل پردیش کی مختلف مساجد کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ وفد نے مساجد کی حفاظت اور ریاست میں قیام امن کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس اہم ملاقات کے دوران وفد نے مساجد کی حفاظت اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عمران پرتاپ گڑھی نے تمام برادریوں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وینوگوپال نے فوری طور پر ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو سے رابطہ کیا اور بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریاست میں مساجد اور دیگر مذہبی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی انتظامیہ کا بنیادی مقصد امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔اس موقع پر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ہماری ترجیح ہر شہری کی حفاظت اور عزت ہے خواہ وہ کسی بھی مذہب کا ہوہم اپنے ملک کے سیکولر جذبے کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ۔وینوگوپال نے کانگریس پارٹی کے عزم کو بھی دہرایا اور کہا کہ کانگریس اقلیتی برادریوں کے تحفظ اور حقوق کے تحفظ کے لیے بات چیت جاری رکھے گی اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ امن کو یقینی بنائے گی۔یہ میٹنگ ہماچل پردیش میں اعتماد کی بحالی اور امن برقرار رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔