نئی دہلی، 22 ستمبر (یو این آئی) ملک کی موجودہ صورتِ حال بالخصوص آئین ہند کی پامالی و مذہبی آزادیوں سے متعلق پیدا ہونے والے مختلف مسائل کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 23 ستمبر بروز چہارشنبہ نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔یہ اجلاس جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی صدارت میں صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مدنی ہال، مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند، نئی دہلی میں ہوگاجس میں ملک بھر سے مجلس عاملہ کے ارکان کی شرکت متوقع ہے ۔اجلاس کے اہم ایجنڈے میں انتظامیہ اور عدلیہ کے بعض اقدامات کے تناظر میں شریعت سے متعلق معاملات میں مداخلت اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے مسائل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عبادت گاہوں، خصوصاً مساجد اور مدارسِ اسلامیہ کو درپیش موجودہ چیلنجز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔جمعیۃ علماء ہند کا یہ موقف ہے کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کا تحفظ ملک کے اتحاد و سالمیت کی بنیادی ضرورت ہے ۔ لہٰذا ان معاملات سے متعلق پیدا ہونے والی صورتِ حال گہری فکر و تشویش کی متقاضی ہے ۔ چنانچہ مجلسِ عاملہ ان امور پر اجتماعی طور پر غور کرے گی اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے سلسلے میں فیصلہ کرے گی۔ حالیہ عرصہ میں خاص طور پر اتر پردیش میں کئی مساجد کو نشانہ بنایا گیا جس پر مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔