تحفظات کے دفاع کیلئے حکومت تیار نہیں، سابق وزیر محمد علی شبیر کا الزام
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے امیت شاہ کی جانب سے مسلم تحفظات کی مخالفت پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امیت شاہ نے حیدرآباد میں جلسہ عام کے موقع پر بی جے پی برسر اقتدار آنے پر مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عام طور پر ہر مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے دھان کی خریدی اور دیگر مسائل پر اظہار خیال کیا لیکن چار فیصد مسلم تحفظات ختم کرنے سے متعلق امیت شاہ کی دھمکی پر ایک لفظ نہیں کہا ۔ چیف منسٹر کی خاموشی کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ یہ معاملہ ریاست کی 14 فیصد مسلم اقلیت سے متعلق ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر شائد امیت شاہ سے خوفزدہ ہیں ، لہذا تحفظات کے مسئلہ پر کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں تاکہ بی جے پی کی ناراضگی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں کے سی آر برسر اقتدار آنے کے بعد مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ اقتدار کے چار ماہ میں روزگار اور تعلیم میں تحفظات کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے قائدین نے مسلم تحفظات کے بارے میں بیان بازی بند کردی ہے اور وہ درپردہ طور پر موجودہ چار فیصد تحفظات کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن میں مسلم نمائندگی نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی بھی یونیورسٹی میں مسلم وائس چانسلر کا تقرر کیا گیا۔ فیس باز ادائیگی اسکیم پر عمل آوری روکتے ہوئے انجیئرنگ اور دیگر پیشہ ورانہ کورسس میں زیر تعلیم 70 فیصد اقلیتی طلبہ کو تعلیم سے محروم کیا جارہا ہے۔ اسکالرشپ اسکیم عملاً روک دی گئی تاکہ مسلم طلبہ اعلیٰ تعلیم سے محروم رہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ امیت شاہ کی دھمکی کو چند دن گزرنے کے باوجود کے سی آر چار فیصد مسلم تحفظات کا دفاع کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ کانگریس کی وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت نے 2004-05 ء میں مسلم تحفظات فراہم کئے اور 2010 ء سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ تحفظات سے 20 لاکھ اقلیتی طلبہ کو فائدہ پہنچا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس دونوں امیت شاہ کے بیان پر خاموش ہیں اور یہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے دونوں پارٹیوں سے امیت شاہ کے بیان پر موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ر