کریم نگر 5 نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز):مسلم خانہ بدوش طبقات کے لیے خصوصی فینانس کارپوریشن قائم کرنے اور ان کے مختلف جائز مطالبات کی یکسوئی کے لیے اے پی سی آر کوآرڈینیٹر وسیم احمد کی قیادت میں آج کریم نگر کلکٹریٹ کے روبرو ایک روزہ پْرامن بھوک ہڑتال منظم کی گئی۔ تلنگانہ ریاستی خانہ بدوش مسلم قبائل کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ اس احتجاج میں خانہ بدوش مسلم طبقات کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر وسیم احمد نے کہا کہ حالیہ ذات پات کی مردم شماری میں خانہ بدوش مسلمان بی سی طبقات میں انتہائی پسماندہ ثابت ہوئے ہیں، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے انہیں مناسب توجہ اور امداد حاصل نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم دیگر طبقات کے لیے خصوصی فینانس کارپوریشن قائم کیے گئے ہیں، لیکن بی سی زمرے میں انتہائی پسماندہ خانہ بدوش مسلمانوں کے لیے خصوصی کارپوریشن قائم نہ کرنا افسوسناک ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خانہ بدوش مسلم طبقات کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی کے لیے فوری طور پر خصوصی فینانس کارپوریشن قائم کرتے ہوئے مناسب بجٹ مختص کیا جائے۔وسیم احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خانہ بدوش مسلم طبقات کے لیے فوری طور پر خصوصی فینانس کارپوریشن قائم کیا جائے اور روایتی پیشوں سے محروم ہونے والے افراد کو متبادل روزگار فراہم کرنے کے لیے سالانہ 1000 کروڑ روپے بجٹ مختص کرنے کے وعدے پر عمل کیا جائے۔ مولانا ابوالکلام آزاد طْحف? تعلیم اسکیم کے تحت کیے گئے وعدوں کو نومبر سے قبل عملی جامہ پہنایا جائے۔ گارڈی مسلمانوں اور سانپ دکھانے والے سائبوں کے خلاف جنگلاتی قوانین کے تحت درج کردہ غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں۔ روزگار سے محروم خانہ بدوش مسلمانوں کو 10 لاکھ روپے تک 100 فیصد سبسڈی پر قرض فراہم کیے جائیں اور ان کے لیے آتم گورو بھون تعمیر کیا جائے۔ نائی مسلمانوں کو آزادانہ طور پر اپنے روایتی پیشے انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور جنگلاتی قوانین و دیگر وجوہات کی بنا پر روزگار سے محروم افراد کو کم از کم 15 ہزار روپے ماہانہ بے روزگاری بھتہ دیا جائے۔ اس کے علاوہ قبضہ شدہ اوقاف اراضی کو واپس حاصل کرتے ہوئے غریب مسلمانوں اور خانہ بدوش مسلمانوں کو ان کے حقوق فراہم کیے جائیں اور خانہ بدوش مسلم طبقات کو او بی سی زمرے میں شامل کیا جائے۔اس بھوک ہڑتال میں تلنگانہ ریاستی خانہ بدوش مسلم قبائل کی تنظیم کے بانی و ریاستی ورکنگ صدر ایم ڈی شبیر، ریاستی صدر شیر علی، ریاستی سکریٹری ایم ڈی شاد اللہ، ضلع صدر سید عبداللہ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ قائدین نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر اب بھی ان کے جائز مطالبات پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں حل نہیں کیا گیا تو احتجاجی پروگراموں میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔