مسلم ریزرویشن کیلئے ریاست گیر مہم چلائی جائے گی :نسیم خان

   

ممبئی : ریاست مہاراشٹرا میں سابقہ کانگریس سرکار نے مسلمانوں کو سرکاری نوکریوں اور تعلیمی میدان میں 5 فیصد ریزرویشن دیا تھا لیکن تبدیلی اقتدار کے بعد متعدد حکومتوں نے اسے نافذ نہیں کیا۔ ان مطالبات کو لے کر ریاست کا مسلمان ریاست گیر سطح پر مہم چلائے گا ۔یہ اعلان آج یہاں مولانا آزاد یو نائٹیڈ فرنٹ نامی غیر سرکاری تنظیم کے صدر و ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر محمد عارف نسیم خان نے کیا۔اسلام جمخانہ میں مسلم ریزرویشن ماب لنچنگ (ہجومی تشدد) و بھائی چارہ عنوان پر منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں جس طرح سے ریاست میں برادران وطن نے مراٹھا ریزرویشن کو لے کر حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا اسی طرز پر مسلمانوں کو ریزرویشن تحریک چلانے کی ضرورت ہے ۔سابق وزیر نے ماب لنچنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہارِ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی اس معاملے میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کی سر زنش کی تھی لیکن اس کے باوجود بھی مودی حکومت نے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی کوئی موثر اقدامات کئے ۔سابق رکن پارلیمنٹ بھالچندر منگیکر نے مسلم ریزرویشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے مراٹھا سماج اپنے مطالبات کو لے کر جاگا ہے اسطرح سے مسلمانوں کو اس معاملے کو لے کر فوری طور متحرک ہونے کی ضرورت ہے ۔