مسلم نوجوان خود روزگار اپنانے پر زیادہ توجہ دیں ، عامر علی خان

   

آج سے شروع ہونے والی راجیو یووا وکاس اسکیم سے استفادہ میں سیاست ہب مکمل رہبری کرے گا
حیدرآباد /14 مارچ ( سیاست نیوز ) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان نے معاشی طور پر مستحکم ہونے کیلئے نوجوانوں کو ’ انٹرپنیور شپ ‘ خود روزگار اپنانے کا مشورہ دیا ۔ حیدرآباد میں MOC منسٹری آف شیز کے ملازمین میں تنخواہوں کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کی مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے اور اس کی سرپرستی سیاست ہب نے کی ہے ۔ منسٹری آف چیز جو عامر علی خان کے مالی اعانت سے شروع کی گئی تاکہ شہر میں کاروباری موقع فراہم کرنا ہے ۔ اسنیک کارٹس کے وسیع نٹ ورک کے ذریعہ روزگار فراہم کرتی ہے ۔ عامر علی خان نے مسلم نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق بی آرا یس کے دور حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر حصوں میں ہنرمند نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع دستیاب نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے حال ہی میں سماجی ، اقتصادی اور ذات پات کی مردم شماری کرائی ہے ۔ حکومت اس ڈاٹا کو فلاحی اسکیمات کو ڈیزائن کرنے کیلئے استعمال کرے گی ۔ عامر علی خان نے نوجوانوں کو حکومت کی پہل کا فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوانوں کی مدد کیلئے راجیو یوا وکاسم اسکیم متعارف کروائی جارہی ہے ۔ جناب عامر علی خان نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے نوجوانوں پر زور دیا جس کیلئے 6000 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 5 لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار شروع کرنے کیلئے فی کس 3 لاکھ روپئے دئے جائیں گے ۔ اس ا سکیم کا 15 مارچ سے آغاز عمل میں آرہاہے ۔ اور 5 اپریل تک متعلقہ فینانس کارپوریشنس کے ذریعہ درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ اہل امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ذریعہ چیکس تقسیم کئے جائیں گے ۔ جناب عامر علی خان نے یقین دلایا کہ اس معاملہ میں سیاست ہب امیدواروں کی رہنمائی کرے گا اور انہیں اسکیم کے رہنمایانہ اصولوں اور درخواست کے عمل کو سمجھنے میں پوری طرح مدد فراہم کرے گا۔ 2