معاشی اور صنعتی ترقی میں روڈ نیٹ ورک میں توسیع کو دنیا بھر میں ترجیح

   

امریکہ میں 6.58 ملین کیلو میٹر سڑک رابطہ ، ہندوستان اور چین دوسرے اور تیسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) کسی بھی ملک کی معاشی ترقی اور تجارت میں فروغ کے لئے ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہوتا ہے۔ سڑک کے راستے ٹرانسپورٹیشن کی سہولت کیلئے دنیا بھر میں روڈ نیٹ ورک کو ترجیح دی گئی ہے۔ بہتر سڑکوں اور روڈ نیٹ ورک کے معاملہ میں امریکہ کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے جہاں 6.5 ملین کیلو میٹر روڈ نیٹ ورک کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دنیا بھر میں سڑک رابطہ کے نظام کے بارے میں سروے کیا گیا جس کے تحت وسیع تر روڈ نیٹ ورک میں امریکہ کو سبقت حاصل ہوئی ۔ سڑکوں کی تعمیر اور مختلف علاقوں کو مربوط کرنے کے معاملہ میں ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے جہاں روڈ نیٹ ورک 6.54 ملین کیلو میٹر موجود ہے۔ ہندوستان میں نئی سڑکوں کی تعمیر اور علاقوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے میں حکومتوں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ مختلف شعبہ جات میں نمایاں ترقی کے باوجود چین میں روڈ نیٹ ورک 5.35 ملین کیلو میٹر پر محیط ہے۔ برازیل میں دو ملین کیلو میٹر جبکہ روس میں 1.39 ملین کیلو میٹر روڈ نیٹ ورک کی نشاندہی کی گئی۔ معاشی ترقی میں فضائی اور بحری رابطہ کے ساتھ ساتھ سڑک رابطہ کی اہمیت برقرار ہے اور ہندوستان نے حالیہ برسوں میں سڑک رابطہ کے استحکام کے ذریعہ ملک میں صنعتی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ ہائی ویز اور ایکسپریس ویز کی تعمیر میں مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نے توجہ مرکوز کی ہے۔ حالیہ برسوں میں ملک کی تمام اہم ریاستوں میں قومی شاہراہوں کو توسیع دی گئی ہے۔ ریاستی حکومتوں میں بھی اپنے طور پر صنعتی ترقی کے لئے سڑک رابطہ کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔1/k/m/b