معذورین کے جذبہ اور حوصلہ کوگورنر جشنو دیو ورما نے سراہا

   

راج بھون میں یوم معذورین تقریب، وہیل چیئر، ٹرائی سائیکل اور دیگر اشیاء کی تقسیم
حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) عالمی یوم معذورین کے موقع پر گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے راج بھون میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے جسمانی طور پر معذور افراد کے حوصلہ، جذبہ اور ان کے کارناموں کی ستائش کی۔ گورنر نے کہا کہ معذوری کے باوجود چیالنجس کا مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کرنے والے افراد سماج کیلئے رول ماڈل ہیں، میں انہیں سلام کرتا ہوں۔ گورنر نے کہا کہ معذورین کے جذبہ اور ان کی ترقی کی ستائش کرنے کیلئے الفاظ کی کمی ہے۔ گورنر نے معذورین کی مدد اور ان کے حوصلہ میں اضافہ کے سلسلہ میں سماج میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معذورین دراصل ایک قدرتی طاقت اور جذبہ کے حامل ہوتے ہیں۔ معذوری محض ایک ذہنی مسئلہ ہے اور یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ زندگی میں حقیقی کامیابی جذبہ اور جدوجہد سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تابناک مستقبل ہر کسی کیلئے یکساں ہوتا ہے۔ تقریب میں سماعت سے محروم طلبہ نے کلچرل پروگرام پیش کیا۔ گورنر نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا اور معذورین میں وہیل چیئر، واکر، ٹرائی سیکل، آلۂ سماعت اور دیگر آلات کو تقسیم کیا۔ گورنر کی جانب سے مدعوئین کیلئے لنچ کا اہتمام کیا گیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری برائے گورنر بی وینکٹیشم، ڈاکٹر سائی بابا گوڑ، کے ناگیشورراؤ اور معذورین کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1