حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( کے این واصف): مہاراشٹرا اسٹیٹ ہندی ساہتیہ اکادمی ممبئی کی جانب سے اردو و ہندی کے مقبول مزاح نگار ڈاکٹر فیاض احمد فیضی کو ان کی تصنیف ’’پھلوں میں رنگ بھرے‘‘ کو ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ہندی ساہتیہ اکادمی کے جاری اعلامیہ کے مطابق فیاض فیضی کو ان کی کتاب ’’پھلوں میں رنگ بھرے‘‘ کو سال 24-2023 ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ فیضی کو ’’آچاریہ رام چندر شکلا ایوارڈ‘‘ 18 مارچ کو 2025 ممبئی میں منعقد شدنی ایک تقریب میں -/ 25000 روپئے، سپاس نامہ و تمغہ پیش کیا جائے گا۔ اردو اور ہندی کے کہنہ مشق مزاح نگار فیاض احمد فیضی 24 فروری 1954 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ اردو و فارسی میں ماسٹرز کے بعد فیضی نے 2015 میں ’’اردو طنز و مزاح کے ارتقاء میں اودھ پنچ اور شگوفہ کا حصہ‘‘ کے عنوان پر مقالہ پیش کرکے ممبئی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ممبئی میں بینک منیجر کے عہدے پر فائز رہے فیاض فیضی نے 1975 میں مزاح نگاری کی ابتداء کی۔ آپ کے اب تک طنز و مزاح کے چار مجموعے شائع ہوکر منظر عام پر آچکے ہیں۔ آپ ماہنامہ ’’شگوفہ‘‘ کے علاوہ ہند و پاک کے معتبر و معروف جرائد و رسائل میں پابندی سے شائع ہوتے ہیں۔ آپ زندہ دلان حیدرآباد کی سالانہ تقریب میں بھی پابندی سے مدعو کئے جاتے ہیں۔ فیضی 1991 میں دو برس کے لئے مہاراشٹرا اردو اکیڈیمی کے اعزازی ممبر سکریٹری بھی رہے۔ اردو کے ادیب فیاض احمد فیضی کو مہاراشٹرا ہندی ساہتیہ اکیڈیمی کا یہ ایوارڈ حاصل ہونا اہل اردو کے لئے بھی باعث فخر ہے۔