محبوب نگر ۔ 30ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معمر افراد کے عالمی دن (یکم اکتوبر) کو منانے کے لیے آج محبوب نگر کے ضلع ہیڈکوارٹر میں ایک بڑی ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا مقصد بزرگوں کی فلاح و بہبود، صحت، عزت نفس اور ان کے حقوق کے بارے میں معاشرے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز مدھوسودن نائک نے مقامی اسٹیڈیم گراؤنڈ میں پرچم لہرا کر ریالی کا افتتاح کیا۔ وہاں سے شروع ہونے والی ریالی پرجوش ماحول میں بی آر امبیڈکر اسکوائر تک جاری رہی جہاں انہوں نے حلف لیا کہ : ’’بزرگ معاشرے کے لئے نعمت ہیں، ان کا احترام کیا جانا چاہیے‘‘۔ ایڈیشنل کلکٹر نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں بزرگوں کا کردار بہت اہم ہے اور اُن کا تجربہ آنے والی نسلوں کے لیے رہنما ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بزرگوں کو مناسب احترام، تحفظ اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سبھی کو حکومت کی جانب سے بزرگوں کی فلاح و بہبود کے لیے نافذ کی گئی مختلف اسکیموں اور قانونی حقوق کا علم ہونا چاہیے۔اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ ویمن، چائلڈ، ایلڈرلی اینڈ ڈس ایبلڈ ویلفیئر آفیسر زرینہ بیگم، سینئر سٹیزن فورم کے نائب صدر اے راجسمہڈو، سکریٹری ناگا بھوشنم، کوٹیشور ریڈی، ٹی بوچنا، ناگیندر سوامی، بلیا،ضلعی محکمے کے افسران، بزرگ فلاحی انجمنوں کے نمائندوں، بزرگ شہریوں، نوجوانوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔