ملا ریڈی پر میڈیکل نشستوں کی فروخت سے 135 کروڑ کی آمدنی کا شبہ

   

حیدرآباد۔25۔نومبر(سیاست نیوز) میڈیکل کالج کی نشستوں کی فروخت سے 135کروڑ کی آمدنی ہوسکتی ہے! محکمہ انکم ٹیکس کے دھاؤوں میں سی ایچ ملاریڈی کے متعلق دعویٰ کیا جا رہاہے کہ ریاستی وزیر نے میڈیکل کالج کی نشستوں کی فروخت کے ذریعہ 135کروڑ کی آمدنی حاصل کی ہے۔ انکم ٹیکس عہدیداروں نے اس بات کا باضابطہ انکشاف نہیں کیالیکن بیشتر ذرائع نے توثیق کی کہ انکم ٹیکس عہدیداروں نے میڈیکل نشستوں کی فروخت کے ذریعہ 135 کروڑ کی آمدنی کا انکشاف کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ وزیر کے ان تعلیمی اداروں میں نشستوں کی فروخت کے ذریعہ اگر آمدنی حاصل کی گئی ہے تو دیگر میڈیکل کالجس میں بھی الاٹ کردہ نشستوں کے متعلق تفصیلات حاصل کئے جانے کا امکان ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ میڈیکل گریجویٹ اور پی جی نشستوں کی فروخت کی توثیق پر صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے کیونکہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی پر میڈیکل کونسل ان کالجس اور تعلیمی اداروں کی مسلمہ حیثیت برخواست کرنے کی مجاز ہے جن کالجس و اداروں میں کنوینر کوٹہ کی نشستوں کو فروخت کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران داخلوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی اور درخواست فارمس کی فروخت کے علاوہ ان کے سیریل نمبرات اور داخلہ حاصل کرنے والوں کے رینک کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے ۔م