ملت فنڈ کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو پولیس چارمینار سے دو مراسلے تدفین کی غرض سے وصول ہوئے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 13 درخواستیں وصول ہوئیں جملہ 15 مسلم نعشوں کو حاصل کرکے قبرستان تھرتھرے شاہ سکندرآباد میں سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل، محمد جعفر، سمیع اللہ خان کی سرپرستی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدی کشن باغ نے دواخانہ عثمانیہ میں پڑھائی جبکہ غسل کے فرائض کی نگرانی ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل محمد تقی الدین نے کی۔ اس موقع پر بشریٰ تبسم نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر کوئی میت کو کفن مہیا کرتا تو اللہ پاک اس کو جنت میں ایک ریشم کا لباس، عطا کریں گے۔ انہوں نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ ورثا جہاں ہوں اللہ پاک انہیں صبر عطا فرمائے اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اجر عظیم عطاء فرمائے۔ آمین۔