5 تا 100 گرام کے سکے ڈیبٹ اور کریڈیٹ کارڈ سے خریدے جاسکتے ہیں
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بینکوں کے اے ٹی ایم سے رقومات حاصل کی جاسکتی ہیں لیکن حیدرآباد میں ایک ایسا اے ٹی ایم مشین متعارف کیا گیا جو رقم نہیں بلکہ سونے کے سکے جاری کرے گا۔ حیدرآباد کے ادارہ اوپن کیوب ٹکنالوجیز کے اشتراک سے تیار کردہ گولڈ سکہ ٹکنالوجی کے تحت بیگم پیٹ میں آج پہلا گولڈ اے ٹی ایم متعارف کیا گیا۔ یہ ہندوستان کا پہلا گولڈ اے ٹی ایم ہوگا اور دنیا کا پہلا رئیل ٹائم گولڈ اے ٹی ایم شمار کیا جارہا ہے۔ اے ٹی ایم سے 0.5 گرام سے 100 گرام تک سونے کے سکے جاری کئے جائیں گے۔ گولڈ سکہ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سائی تروج نے بتایا کہ کسٹمرس ڈیبٹ یا کریڈیٹ کارڈ کے ذریعہ مختلف وزن کے گولڈ کوائنس خرید سکتے ہیں۔ قیمتیں اسکرین پر ڈسپلے کی جائیں گی اور یہ ساری معاملت شفافیت سے انجام پائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سونے کے سکے محفوظ پیاک میں رہیں گے اور یہ 999 پیوریٹی کے حامل ہونگے۔ کمپنی مزید 3 گولڈ اے ٹی ایم متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جو ایرپورٹ، پرانے شہر اور کریم نگر اور ورنگل میں قائم کئے جائیں گے۔ تروج نے بتایا کہ آئندہ دو برسوں میں ملک بھر میں 300 مشینوں کو متعارف کرنے کا منصوبہ ہے۔ تلنگانہ ویمنس کمیشن کی صدرنشین سنیتا لکشما ریڈی نے پہلے مشین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ گولڈ سکہ کے صدرنشین امبیکا برمن، چیف ایگزیکیٹو آفیسر اوپن کیوب ٹکنالوجیز ٹی ونود کمار اور ٹی ہب کے سی ای او ایم سرینواس راؤ موجود تھے۔ر