ملک کی ترقی میں آندھرا پردیش عوام کا اہم حصہ: دروپدی مرمو

   


وجئے واڑہ میں صدر جمہوریہ کے اعزاز میں عوامی استقبالیہ، گورنراور چیف منسٹر کی شرکت

حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ملک کی ترقی میں آندھرا پردیش کی عوام کا اہم حصہ رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ترقیافتہ دنیا کے عصری تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ صدر جمہوریہ آج امراوتی میں حکومت کی جانب سے دیئے گئے عوامی استقبالیہ سے خطاب کررہی تھیں۔ صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد دروپدی مرمو پہلی مرتبہ آندھرا پردیش کے دورہ پر پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور ان کے تحفظ کے معاملہ میں ملک میں آندھرا پردیش کی منفرد شناخت ہے۔ انہوں نے تلگو شاعر ملا کا ذکر کیا جنہوں نے رامائن پر مشہور گیت لکھا ہے۔ صدر جمہوریہ نے دُرگا بائی دیشمکھ کو یاد کیا جنہوں نے جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا۔ صدر جمہوریہ نے کہاکہ سروجنی نائیڈو آندھرا پردیش کی بہو تھیں جنہوں نے مہاتما گاندھی کے ساتھ نمک ستیہ گرہ کی قیادت کی تھی۔ وہ آزاد ہندوستان کی پہلی خاتون گورنر رہیں۔ انہوں نے عوامی استقبالیہ کے اہتمام پر حکومت سے اظہار تشکر کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دریاؤں کی صفائی اور ان کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیں۔ تلگو زبان اور تہذیب کی ستائش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا بھر میں تلگو زبان اور اس کی تحریر کی منفرد شناخت ہے۔ ملک کی دوسری زبانوں میں تلگو زبان کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں مندروں کی موجودگی کا ذکر کیا اور کہا کہ دریائے کرشنا، گوداوری، ومسا دھارا اور دیگر دریائیں آندھرا پردیش سے گذرتی ہیں۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی زندگی ملک کی خواتین کیلئے ایک مثال ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ کیلئے راج بھون میں استقبالیہ ترتیب دیا گیا۔ گورنر وشوا بھوشن ہری چندر اور ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ عوامی استقبالیہ میں مرکزی وزیر کشن ریڈی اور چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائی کورٹ پرشانت کمار مشرا بھی شریک تھے۔ قبل ازیں دو روزہ دورہ پر وجئے واڑہ پہنچنے پر صدر جمہوریہ کا گورنر، چیف منسٹر ، مرکزی وزیر اور ریاستی وزراء نے استقبال کیا۔ر