ممبئی، 22 اپریل (یو این آئی) مہندر سنگھ دھونی اور ول جیکس جمعرات کی رات وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے درمیان ہونے والے آئی پی ایل 2026 کے بڑے مقابلے کے لیے واپسی کو تیار ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود چنئی کے لیے 44 سالہ تجربہ کار کھلاڑی ایم ایس دھونی کی واپسی کسی بڑی تقویت سے کم نہیں ہوگی۔ منگل کو وانکھیڑے میں نیٹ پریکٹس کے دوران دھونی مکمل فٹ نظر آئے ؛ انہوں نے نہ صرف آدھے گھنٹے تک وکٹ کیپنگ کی مشق کی بلکہ بغیر کسی دقت کے بھرپور بلے بازی بھی کی۔ پنڈلی کی تکلیف سے چھٹکارا پانے کے بعد دھونی اب میدان میں اترنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔دوسری جانب ممبئی انڈینز کی بات کی جائے تو ول جیکس کی طویل انتظار کے بعد آمد نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے ۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے اس آل راؤنڈر نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور چار مرتبہ ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار پائے تھے ۔ ابتدائی چھ مقابلوں میں عدم دستیابی کے بعد اب وہ ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں۔ انہوں نے پیر کی شام وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور منگل کو فلڈ لائٹس میں ہونے والی مشقوں کے دوران بھی بلے بازی اور گیند بازی پر بھرپور توجہ مرکوز رکھی۔ول جیکس کی شمولیت سے ممبئی کے اسکواڈ میں توازن پیدا ہوا ہے ؛ وہ مڈل آرڈر کو استحکام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آف اسپن گیند بازی کا ایک کارآمد متبادل بھی ثابت ہوں گے ۔ ان کی موجودگی کے باعث ٹیم مینجمنٹ غیر ملکی کھلاڑیوں کے انتخاب (کمبینیشن) میں تبدیلی پر مجبور ہو سکتی ہے۔