ممتا بنرجی نے استعفیٰ دینے کیلئے نہیں کہا:یو سف پٹھان

   

میڈیا کی خبریںبے بنیاد، ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ کی وضاحت

کولکاتہ۔7؍جون( ایجنسیز)بہرام پور لوک سبھا سیٹ سے ممتا بنرجی کے انتخاب لڑنے کی خبروں کے درمیان ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ یوسف پٹھان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو کے ذریعہ انہوں نے بتایا کہ ممتا بنرجی یا کسی بھی پارٹی لیڈر نے مجھ سے رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے لیے نہیں کہا ہے۔ یوسف پٹھان نے ویڈیو جاری کر کے کہا کہ ’’ہیلو دوستو، میں آپ سب کے ساتھ ایک بات شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ گزشتہ کئی دنوں سے یہ خبر وائرل ہو رہی ہے کہ ممتا بنرجی نے یوسف پٹھان سے بہرام پور لوک سبھا حلقے کے رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کو کہا ہے تاکہ وہ لوک سبھا انتخاب لڑ سکیں۔ انہو ںنے وضاحت کی کہ ممتا بنرجی نے مجھ سے ایسا کبھی کچھ نہیں کہا۔ گزشتہ میٹنگ میں بھی انہوں نے ایسا نہیں کہا اور نہ ہی انہوں نے پارٹی کے کسی بھی لیڈر کو یہ بات مجھے بتانے کے لیے کہا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ خبر مکمل طور سے غلط ہے۔