مندروں کو حکومت کے کنٹرول سے آزاد کرنے کیلئے 5 جنوری سے وی ایچ پی کی ملک گیر مہم

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : وشوا ہندو پریشد نے کل اعلان کیا کہ ہندو مندروں کو حکومتوں کے کنٹرول سے آزاد کرانے کے لیے ایک ملک گیر بیداری مہم چلائی جائے گی اور اس کے لیے 5 جنوری کو وجئے واڑہ ، آندھرا پردیش سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا ۔ جمعرات کو قومی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے وشوا ہندو پریشد کے آرگنائزنگ جنرل سکریٹری ملند پرانڈے نے کہا کہ اب تمام ریاستی حکومتوں کو مندروں کے کنٹرول ، انتظام اور روزمرہ کاموں سے خود کو الگ رکھنا ہوگا کیوں کہ اس طرح کی سرگرمیاں ہندو سماج کے تئیں امتیازی نوعیت کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو سماج کے اہم قائدین کی قیادت میں ہم اس سلسلہ میں 5 جنوری سے ایک ملک گیر بیداری مہم شروع کریں گے ۔ اس کے لیے پورے ملک میں یہ مہم شروع کرنے کے لیے اپیل وجئے واڑہ میں ایک بڑے اجتماع میں کی جائے گی جس میں لاکھوں لوگ شرکت کریں گے ۔ وی ایچ پی کے آرگنائزنگ جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد ہندو مخالف کام رک جانا چاہئے تھا اور مندروں کو ہندو سوسائٹی کے حوالہ کیا جانا چاہئے تھا لیکن اس کے بجائے کئی ریاستی حکومتوں نے دستور ہند کے آرٹیکلس 12 ، 25 اور 26 کو ایک کے بعد دیگر نظر انداز کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی مسجد یا چرچ ان کے کنٹرول میں نہیں ہے تو ہندوؤں کے تئیں یہ امتیاز کیوں ؟ کئی ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے واضح اشاروں کے باوجود حکومتوں نے مندروں کے انتظام اور جائیدادوں پر اپنا کنٹرول رکھا ہے ۔۔