تناسب آبادی کے لحاظ سے شہری علاقوں کے بہ نسبت دیہی علاقوں کے عوام زیادہ موبائل کنکشن رکھتے ہیں
حیدرآباد 14 فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں ٹیلی فون کے استعمال میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ اسمبلی میں جاری اعداد و شمار کے مطابق ٹیلی فون کے استعمال میں ملک بھر میں ریاست کو 9 واں مقام ملا ہے ۔ اس حساب سے نومبر 2022 تک تلنگانہ میں ٹیلی فون استعمال کرنے والوں کی جملہ تعداد 4.08 کروڑ ہے ۔ ان میں 98 فیصد افراد وائر لیس ( موبائل ) استعمال کرتے ہیں ۔ جن میں 2.37 کروڑ افراد شہری علاقوں میں رہتے ہیں اور ان میں بھی 96 فیصد عوام وائر لیس فون استعمال کررہے ہیں ۔ جہاں تک دیہی علاقوں کا تعلق ہے 1.70 کروڑ عوام ٹیلی فون استعمال کررہے ہیں ۔ جن میں سے 99.8 فیصد وائر لیس فونس ہیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہری علاقوں کے مقابلے میں تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ موبائل کنکشن معاملے میں تلنگانہ جنوبی ریاستوں میں دوسرے مقام پر اور ملک بھر میں 9 ویں مقام پر ہے ۔ تلنگانہ کی آبادی میں ہر 100 افراد کے پاس 105 موبائل کنکشنس ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جنوبی ہند کی دیگر ریاستوں کے معاملے میں تلنگانہ میں ٹیلی فون کا استعمال زیادہ ہے ۔ اس معاملے میں کیرالا سرفہرست ہے جہاں ہر 100 افراد میں 120 موبائل فون ہیں جب کہ تلنگانہ میں ہر 100 افراد میں 105 موبائل فون ہیں ۔ ٹاملناڈو میں ہر 100 افراد میں 102 موبائل فون کرناٹک میں ہر 100 افراد میں 97 فون اور آندھرا پردیش میں ہر 100 افراد میں 82 فون ہیں ۔ مہاراشٹرا میں تلنگانہ کی بہ نسبت کم فون استعمال ہوتا ہے ۔ مہاراشٹرا میں ہر 100 افراد میں 99 موبائل کنکشنس ہیں ۔ بہار میں 53 ، جھارکھنڈ میں 58 ، مدھیہ پردیش میں 66 ، چھتیس گڑھ میں 67 ، آسام میں 69 ہیں ۔ سکم میں ہر 100 افراد میں 139 ، گوا میں 132 ، ہماچل پردیش میں 131 ، کیرالا میں 120 ، پنجاب میں 113 ، اترکھنڈ میں 111 ، میزورم میں 111 ، ہریانہ میں 110 افراد موبائل فون کنکشنس رکھتے ہیں ۔۔ ن