نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو راجستھان اور گجرات کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کوعوام کے نام وقف اور افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم کے دفتر نے جمعہ کو بتایا کہ مسٹر مودی اپنے دورے کی شروعات راجستھان سے کریں گے جہاں وہ صبح جودھپور ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے اور جودھپور میں ترمیم شدہ اڑان اسکیم کا آغاز کریں گے ۔ اس کے بعد تقریباً سوا بارہ بجے وہ راجستھان کے بالوترا جائیں گے ، جہاں وہ تقریباً 1.06 لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کو عوام کے نام وقف ، افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر وہ ایک عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔
اس کے بعد وزیر اعظم گجرات جائیں گے ۔ تقریباً ساڑھے چار بجے وزیر اعظم احمد آباد کے سانند میں سی جی سیمی آؤٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی اینڈ ٹیسٹ (او ایس اے ٹی) سہولت کا افتتاح کریں گے ۔ اس موقع پر وہ موجود اجتماع سے خطاب بھی کریں گے ۔