پٹنہ: بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ نے الزام لگایا کہ امریکہ سے ہندوستانی تارکین وطن کی غیر انسانی ملک بدری کے معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی یہ ظاہر کرتی ہے کہ ان کی حکومت نے امریکی امیگریشن پالیسیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ ڈاکٹر اکھلیش کی قیادت میں کانگریس کے ارکان نے اتوار کو مرکز کی مودی حکومت کے خلاف غیر مقیم ہندوستانیوں کے ساتھ امریکی حکومت کے غیر انسانی سلوک اور انہیں کارگو طیاروں میں بیڑیوں میں باندھ کر زبردستی ہندوستان لانے کے عمل پر انکم ٹیکس چوراہے پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا پتلا جلایا۔ احتجاج اور پتلا جلانے کے بعد، ڈاکٹر اکھلیش نے الزام لگایا کہ کمزور قیادت والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کے سربراہ مودی کی امریکہ سے ہندوستانی تارکین وطن کو غیر انسانی طریقہ سے بھیجنے کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے اور ہر معاملے پر بیان دینے والے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اس معاملے کو نظر انداز کرنا کافی ہے کہ ملک میں خود کو وشو گرو (عالمی رہنما) کہنے والی بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے ہندوستانیوں کی عزت اپنے امریکی دوست ڈونالڈ ٹرمپ کے پاس گروی رکھ دی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کے شہریوں کو جس غیر انسانی طریقے سے کارگو طیاروں میں ان کے پیروں اور ہاتھوں کو جکڑ کر اتنے لمبے فضائی سفر کے ذریعے ہندوستان بھیجا جارہا ہے وہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے ۔ احتجاج اور پتلا جلانے کے پروگرام میں ریاستی کانگریس صدر ڈاکٹر اکھلیش کے علاوہ سابق ریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا، پروفیسر رام جتن سنہا، پریم چندر مشرا، وینا شاہی، ایم ایل اے وجے شنکر دوبے ، پرتیما کماری داس، عابد الرحمن، نیتو سنگھ، برجیش پانڈے ، راجیش راٹھور سمیت سینکڑوں کانگریسی ارکان موجود تھے ۔