مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام، مرکز میں آئندہ کسانوں کی حکومت

   


قومی سیاست میں اہم رول کا اشارہ ، بی جے پی کی فرقہ پرستی سے چوکس رہیں، پدا پلی میں چیف منسٹر کا جلسہ عام سے خطاب

حیدرآباد ۔29۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ مرکز میں آئندہ حکومت کسانوں کی ہوگی اور ملک بھر کے کسانوں نے بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ کے سی آر نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا پھر ایک مرتبہ اشارہ دیا اور کہا کہ 26 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے نمائندوں نے ان سے خواہش کی ہے کہ قومی سیاست میں حصہ لیں۔ چیف منسٹر نے پہلی مرتبہ بی جے پی مکت بھارت کا نعرہ دیا ہے تاکہ تقسیم کرنے والی طاقتوں سے ملک کا تحفظ کیا جاسکے۔ پدا پلی میں کلکٹریٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گجرات ماڈل پر عمل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے بی جے پی نے عوام کے ساتھ دھوکہ اور فریب کیا ہے۔ دھوکہ کے ذریعہ بی جے پی نے مرکز میں اقتدار حاصل کیا لیکن گزشتہ 8 برسوں میں عوام کی بھلائی کا کوئی کام انجام نہیں دیا گیا ۔ مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ ، پٹرول ، گیس اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی کے نتیجہ میں عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ مہاتما گاندھی کی ریاست گجرات میں نشہ بندی کا اعلان کیا گیا لیکن وہاں نقلی شراب پینے سے 75 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہر سطح پر اپنی ناکام کارکردگی کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کیا ہے ۔ 26 ریاستوں کے کسان قائدین کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ کسان قائدین قومی سیاست میں حصہ لینے کی خواہش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے سوال کیا کہ کیا ہم قومی سیاست میں حصہ لیں گے ؟ اس پر عوام کی جانب سے چیف منسٹر کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی مثال وزیراعظم کی ریاست گجرات میں بھی پیش نہیں کی جاسکتی۔ تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ مودی حکومت کسانوں کے لئے برقی میٹرس نصب کرنے کی ہدایت دے رہی ہے۔ سرکاری اداروں کو خانگیانے سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوچکے ہیں۔ حکومت اپنے قریبی صنعتی گھرانوں کو عوامی شعبہ کے ادارے حوالے کر رہی ہے ۔ گجرات میں تلنگانہ کی طرح 2000 روپئے پنشن کا کوئی تصور نہیں ہے۔ نریندر مودی حکومت دور اندیشی سے محروم ہے اور مخالف عوام فیصلے کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے کہا کہ وہ بی جے پی کی نفرت اور فرقہ پرستی پر مبنی سیاست سے چوکس رہیں کیونکہ بی جے پی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ر