نئی دہلی /ماسکو: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو روس میں کازان اور یکاترین برگ میں دو نئے ہندوستانی قونصل خانے کھولنے کا اعلان کیا، نیزدو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے دوطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ان کے اچھے کام کے لیے صدرولادیمیر پوتن کی تعریف کی۔ مودی نے آج روسی دارالحکومت ماسکو کے کارلٹن ہوٹل میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”گزشتہ 10 برسوں میں یہ روس کا میرا چھٹا دورہ ہے اور دونوں رہنما گزشتہ ایک دہائی میں 17 بار مل چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات پر صدر پوتن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے تک اس شراکت داری کو مضبوط بنانے میں بہت اچھا کام کیا ہے ۔ مودی نے کہا، “ہندوستان اور روس کے تعلقات ہمیشہ گرمجوشی اور جوش و جذبے کے ساتھ نشان زد رہے ہیں اور وہ باہمی اعتماد اور باہمی احترام کی مضبوط بنیاد پر مبنی ہیں۔ ہر ہندوستانی کے لیے روس کا نام ہندوستان کے ایک سدا بہار دوست، ایک قابل اعتماد دوست کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ میں ہندوستان اور روس کی دوستی میں صدر پوتن کے کردار کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پوتن نے اپنی قیادت کی گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اس شراکت داری کی بنیاد کو مزید مضبوط کرنے میں بہت اچھا کام کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے ہندوستان کازان اور یکاترنبرگ میں دو نئے قونصل خانے کھولے گا۔ پرتپاک استقبال کے لیے ہندوستانی تارکین وطن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ میں یہاں اکیلا نہیں آیا ہوں۔ میں ہندوستان کی مٹی کی خوشبو اپنے ساتھ لایا ہوں۔ میں اپنے ساتھ 140 کروڑ ہم وطنوں کی محبت لے کر آیا ہوں۔ اپنی انتخابی جیت پر مودی نے کہا کہ مجھے تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھائے ایک مہینہ ہو گیا ہے اور میں نے حلف لیا ہے کہ اس بار میں اس سے تین گنا زیادہ طاقت اور تین گنا زیادہ رفتار سے کام کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد اپنی تیسری مدت کارمیں ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانا ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے پچھلے 10 سالوں میں ملک میں ترقی کی رفتار دیکھ کر دنیا حیران ہے ۔