نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک اور دنیا سے ملنے والے تحائف کی نیلامی کیلئے دارالحکومت کے نیشنل میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں جاری نمائش میں بینائی سے محروم افراد کے لیے اشاروں کی زبان کا بھی استعمال کیا گیا ہے ۔ گزشتہ چار سالوں سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں اس بار بین الاقوامی اشاراتی زبان کے دن کے موقع پر بینائی سے محروم معذور افراد کیلئے اشاروں کی زبان کے استعمال کا آغاز کیا گیا۔ اس دن کو خاص بناتے ہوئے معذور افراد کیلئے بہت سے رنگا رنگ پروگرام منعقد کیے گئے جن میں پپٹ شو، میجک شو کے علاوہ میوزیکل پرفارمنس بھی شامل تھی۔ پہلے ہی دن طلباء اور دیگر معذور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نمائش کا دورہ کیا۔ یہ تجربہ ان تمام معصوم لوگوں کے لیے پہلا اور بالکل مختلف تھا۔ جب بچوں نے وزیراعظم کی طرف سے ملنے والے تحائف کو اشاروں کی زبان میں محسوس کیا اور انہیں اپنے ہاتھوں سے چھو کر ان سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ان معذور بچوں کے ساتھ آنے والے ان کے اساتذہ نے کہا کہ اس دن یہ بچے شاید ہی بھول سکیں کہ انہیں اپنے پیارے وزیر اعظم کی طرف سے ملنے والے خصوصی تحائف کے بارے میں جاننے اور محسوس کرنے کا موقع ملا۔ یہ دن ان کیلئے ہمیشہ کیلئے یادگار بن گیا۔ نیشنل میوزیم آف ماڈرن آرٹ کے ڈائریکٹر محترمہ تیمسونارو جمیر نے کہا کہ تمام طبقوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے یہاں مختلف قسم کے تخلیقی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔