کلکتہ :مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں ‘‘مال ندی ’’ میں درگا مورتی وسرجن کے دوران حادثہ میں اب تک 8افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔کم از کم 15افردا اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ۔ تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ بہت سے لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ حالانکہ صبح سے بارش ہونے کی وجہ سے بچاؤ کے کاموں میں رکاوٹ آرہی ہے ۔ چہارشنبہ کی رات درگا پوجا کی مورتی وسرجن کرنے کے لئے مال ندی کے قریب لوگ جمع ہوگئے تاہم 8.30بجے ندی میں طغیانی آگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 20سے 25افراد ندی میں بہہ گئے ۔باقی افراد محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب رہے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی پہنچ گئے ۔ جلپائی گڑی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مومیتا گودارا بوس نے بتایا کہ رات تک دریا سے آٹھ لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی کہا کہ قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں بچاؤ کارروائیاں کر رہی ہیں۔