تل ابیب / دمشق : اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد شام کے دارالحکومت دمشق میں پھانسی دیے گئے اپنے جاسوس ایلی کوہن کی لاش کی تلاش میں متحرک۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے شام میں اپنی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔اب اسرائیلی حکام ماضی میں اپنے ایک جاسوس ایلی کوہن کی نعش ڈھونڈنے میں بھی مصروف ہیں جسے وہ واپس اسرائیل لے جانا چاہتے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 1962ء میں اسرائیلی جاسوس ایلی کوہن ایک بزنس مین کامل امین تھابیت کے فرضی نام سے شام میں داخل ہوا۔بعدازاں یہ اسرائیلی جاسوس شام کے دارالحکومت دمشق میں شاندار پارٹیز کے ذریعے بہت جلد طاقتور اور مشہور شخصیات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔اسرائیلی جاسوس اپنی اس کوشش میں کامیاب تو ہوگیا لیکن 3 سال بعد ایلی کوہن کی مشکوک سرگرمیاں سویت حکام کے تعاون سے شامی افسران کے سامنے آگئیں اور 18 مئی 1965 ء کے دن ایلی کوہن کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام ثابت ہونے پر مرجہ اسکوائر دمشق پر سرِ عام پھانسی دے دی گئی تھی۔