این ڈی آر ایف، ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے پر زور، اشد ضرورت پر ہی گھر سے نکلنے کا مشورہ
حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں موسلادھار بارش کے پیش نظر چوکسی اختیار کرنے کی چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی۔ متعلقہ محکمہ جات اور سرکاری مشنری کو محترک کرنے احکام جاری کئے۔ تمام اضلاع کلکٹرس اور متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے بارش کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے سیلاب زدہ اور نشیبی علاقوں کے عوام کو دوسرے محفوظ مقامات کو منتقل کرنے راحت کاری کے بڑے پیمانے پر کام انجام دینے کا مشورہ دیا۔ این ڈی آر ایف اور ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ مہاراشٹرا کے علاوہ تلنگانہ کیلئے ریڈالرٹ جاری کیا گیا ۔ وہ تازہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آج یا کل صورتحال کا جائزہ لینے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کریں گے۔ چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ کلکٹرس و متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ بنائے رکھیں۔ عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے وسیع تر اقدامات کریں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور مقامی اداروں کو منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ بھی اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں سرکاری مشنری کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے موسلادھار بارش کے پیش نظر خطرہ مول لینے کے بجائے گھروں میں موجود رہنے ایمرجنسی ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلنے کی عوام سے اپیل کی۔ حفاظت خود اختیاری پر زیادہ توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ن