موسم گرما میں گریٹر حیدرآباد کے تحت برقی کی مؤثر سربراہی کی ہدایت

   

سندیپ کمار سلطانیہ کا اجلاس، سمر ایکشن پلان کا جائزہ، طلب 5000 میگاواٹ پہونچنے کا امکان
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری برقی سندیپ کمار سلطانیہ نے ٹرانسکو اور پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے حکام کو ہدایت دی کہ موسم گرما کے دوران گریٹر حیدرآباد میں صارفین کو برقی سربراہی سے متعلق کسی بھی دشواری سے بچانے اقدامات کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی کی مؤثر سربراہی کو یقینی بناکر موسم گرما میں عوام کو دشواریوں سے محفوظ رکھا جائے۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے ٹرانسکو اور سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی حکام کے ساتھ اجلاس میں برقی کی مؤثر سربراہی کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ موسم گرما میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے اور برقی حکام کو صورتحال سے نمٹنے سمر ایکشن پلان پر عمل کرنا چاہئے۔ اجلاس میں سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی کے علاوہ ٹرانسکو کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر سرینواس راؤ، ڈائرکٹر جگت ریڈی، پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ڈائرکٹرس نندا کمار، سائی بابا، ڈاکٹر نرسمہلو، شریمتی سدھا مدھوری، چیف انجینئرس اور سپرنٹنڈنگ انجینئرس شریک تھے۔ گریٹر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں سالانہ برقی طلب میں 30 فیصد کا اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ موسم گرما کے تجربات کو دیکھتے ہوئے ٹرانسکو اور ڈسٹری بیوشن کمپنی کو برقی سربراہی پر توجہ دینی چاہئے۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے پاور ٹرانسفارمر کی صلاحیت میں اضافہ کا مشورہ دیا اور کہاکہ بورم پیٹ، پٹن چیرو، آر سی پورم، مولا علی، بنڈلہ گوڑہ، گچی باؤلی، کیتلا پور اور بولارم سب اسٹیشنوں کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنایا جائے۔ ٹرانسکو حکام نے یقین دلایا کہ برقی طلب میں اضافہ کے باوجود سربراہی میں فرق نہیں پڑیگا۔ مشرف فاروقی نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میں گزشتہ سال برقی کی طلب 4352 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ شہر کی توسیع اور رہائشی اور صنعتی ضروریات میں اضافہ کے سبب جاریہ موسم گرما میں برقی کی طلب 5000 میگاواٹ تک پہونچنے کا امکان ہے۔ اُنھوں نے سندیپ کمار سلطانیہ کو بتایا کہ مختلف علاقوں میں نئے پاور فیڈرس قائم کئے جارہے ہیں۔ سکریٹری محکمہ برقی نے عہدیداروں سے کہاکہ برقی طلب کے مطابق سربراہی کو یقینی بنانے کے علاوہ غیر متوقع طور پر برقی سربراہی میں رکاوٹ کی شکایتوں کی بروقت یکسوئی کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں صد فیصد اطمینان بخش خدمات برقی صارفین کو پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے۔ 1