موسم گرما کے دوران گھریلو اور زرعی صارفین کو برقی کی مؤثر سربراہی

   

سمر ایکشن پلان پر مشرف فاروقی کا جائزہ اجلاس، فیڈرس کی آن لائن مانیٹرنگ کا طریقہ کار متعارف
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے موسم گرما کے دوران برقی سربراہی اور ربیع سیزن میں فصلوں کو برقی کی مؤثر سربراہی کے سلسلہ میں گرمائی ایکشن پلان کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ اُنھوں نے سرکل کی اساس پر برقی سربراہی کے ایکشن پلان پر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد اور خاص طور پر آئی ٹی ہب کے علاقہ میں موسم گرما کے دوران برقی سربراہی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ مشرف فاروقی نے سائبر سٹی سرکل علاقہ کے عہدیداروں کے ساتھ سمر ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس پروگرام کے تحت پپال گوڑہ، ایل اینڈ ٹی اور حفیظ پیٹ کے علاقوں میں اضافی پاور ٹرانسفارمرس قائم کئے جائیں گے۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ سائبر سٹی سرکل علاقہ میں 25 اضافی ٹرانسفارمرس، 128kv ، 11kv فیڈرس اور 33kv فیڈرس صلاحیت کے 4 فیڈرس قائم کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ علاقہ میں 232 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس کی تنصیب کا منصوبہ ہے۔ حیدرآباد شہر کے دیگر سرکلوں کے مقابلہ گچی باؤلی، کونڈہ پور، ابراہیم باغ علاقوں میں برقی کی طلب میں ہر سال 35 فیصد کا اضافہ درج کیا جاتا ہے۔ یہ علاقے سائبر سٹی سرکل کے تحت آتے ہیں۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ گزشتہ سال اضافی طلب کی تکمیل کے اقدامات نہیں کئے جاسکے جس کے نتیجہ میں بعض علاقوں میں پاور لوڈنگ کے مسائل پیش آئے۔ جاریہ سال تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاکہ اوور لوڈنگ سے بچایا جاسکے۔ مشرف فاروقی نے 11kv فیڈرس کی آن لائن مانیٹرنگ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اِس ٹیکنالوجی کے استعمال سے فیڈر کی خرابیوں کو ازخود درست کیا جاسکتا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں فیڈرس کی آن لائن مانیٹرنگ کے ذریعہ موسم گرما میں گھریلو اور زرعی صارفین کو مؤثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی جس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرس اور تمام سرکلس اور زون کے چیف انجینئرس شریک تھے۔ ڈائرکٹر آپریشن ڈاکٹر این نرسمہلو اور سائبر سٹی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر چندرشیکھر نے اجلاس میں شرکت کی۔ 1