قرض معافی پر 21000 کروڑ کی اجرائی، اقتدار کی تبدیلی کے ایک سال پر مہیش کمار گوڑ کا بیان
حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ میں عوام کی جانب سے کانگریس کے اقتدار کے حق میں فیصلہ کے ایک سال کی تکمیل پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پرجا پالنا کے قیام میں اہم رول ادا کرنے والے عوام کو وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں پر مبنی بی آر ایس دور حکومت کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں فارم ہاوز سے حکمرانی کی گئی اور عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا گیا۔ تلنگانہ عوام نے ایک سال قبل آج ہی کے دن کانگریس کی حکمرانی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ریونت ریڈی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے غریب خاندانوں کی بھلائی کو یقینی بنایا ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کئی فلاحی پروگراموں کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کی مدت میں ملک کی کوئی اور ریاست اس قدر ترقیاتی اور فلاحی کاموں کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ خواتین کیلئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور 500 روپئے میں گیس سلینڈر جیسے وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی کیلئے 21000 کروڑ جاری کئے گئے اور 23 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا ہے۔ باریک چاول پر فی کنٹل 500 روپئے بونس ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کی مدت میں 54500 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں مہارت کیلئے اِسکل یونیورسٹی اور کھیل کود کی حوصلہ افزائی کیلئے اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے ذریعہ حیدرآباد کی ترقی میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔1