حیدرآباد30مئی (سیاست نیوز) مکہ مسجد میں سپرٹنڈنٹ کی عدم موجودگی سے مسجد کے امور کی نگرانی کیلئے کوئی نہیں ہے اور مصلیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں برسرکار ملازمین اور عملہ کی نگرانی و دیگر امور کی دیکھ بحال کیلئے برسر کار جناب عبدالقدیر صدیقی کی سبکدوشی کے بعد اب تک ضلع اقلیتی بہبود کے عہدیدار کی جانب سے سپرٹنڈنٹ مکہ مسجد کے عہدے پر کسی کے تقرر کے اقدامات نہ کئے جانے سے مسجد میں کئی مسائل پیدا ہونے لگے ہیں جن میں عملہ کی وقت پر آمد اور روانگی کے علاوہ صفائی کی انجام دہی و دیگر امور شامل ہیں۔نماز جمعہ کے بعد مصلیان اکرام نے آج مکہ مسجد مسائل کے متعلق متعلقہ عہدیداروں کو واقف کروانے کے سلسلہ میں بات چیت کے بعد ذمہ داران کو واقف کروایا جس پر ذمہ داران نے کہا کہ سپرٹنڈنٹ کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں صورتحال دگرگوں ہونے لگی ہے اور کسی پر کسی کا کنٹرول نہیں رہا ۔مصلیان مسجد نے مسجد میں معمول کے مطابق صفائی نہ ہونے کے علاوہ دیگر شکایات کرتے ہوئے کہا کہ عملہ کی وقت پر آمد نہ ہونے پر ان سے استفسارکرنے والا کوئی نہیں ہے اسی لئے ملازمین کی من مانی کا سلسلہ جاری ہے۔مسجد کے امور کو بہتر بنانے سرکاری طور پر اقدامات کرکے سپرٹنڈنٹ مکہ مسجد کے مخلوعہ عہدہ پر فوری تقرر کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔3