مکہ مکرمہ :13 نومبر ( کے این واصف ) مملکت میں گوکہ حوثی حملوں کی وجہ سے کسی حد تک حالات کشیدہ اور خوفزدہ ضرور ہیں مگر مہمانان رب العزت سے پر شہر مکہ کی رونقیں بدستورقائم ہیں۔ آج بھی شہرِ مقدس مکہ مکرمہ کا شہری منظر رات کے وقت ایک منفرد رنگ اختیار کر لیتا ہے جہاں سڑکوں، عمارتوں اور عوامی مراکز کی روشنیاں آپس میں مل کر شہر کی خوبصورتی کو نکھارتی ہیں۔ایس پی اے کے مطابق رات کے وقت مکہ مکرمہ کی رونقوں کا اپنا ہی ایک خاص انداز ہے۔ زائرین مقدس شہر میں آمد و رفت جاری رکھتے ہیں جبکہ سڑکیں اور تمام سہولتیں 24 گھنٹے فعال رہتی ہیں۔ مکہ میونسپلٹی نے مستقل بنیادوں پر شہر کو منور رکھنے کے لیے منظم اور جدید ترین انتظامات کیے ہیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے شہر میں ایک لاکھ 45 ہزار لائٹنگ ٹاورز اور کھمبے نصب ہیں جبکہ مرکزی مقامات میں مزید پانچ ہزار ٹاورز اور پلرز کے ذریعہ روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔