ممبئی ، 11 جون (یو این آئی) پہلی سے دسویں جماعت کے طلباء کے لیے اہم اطلاع ہے کہ مہاراشٹر میں تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز 16 جون سے ہوگا۔ اس نئے تعلیمی سال کے ساتھ اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب اسکول صبح 7 بجے کی بجائے صبح 9 بجے شروع ہوں گے اور شام 4 بجے ختم ہوں گے ۔ اس فیصلے کے تحت مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے اسکولوں کا نیا ٹائم ٹیبل نافذ العمل ہوگا۔ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق، صبح 9 بجے سے 9 بجے 25 منٹ تک پریکٹس ہوگی، اس کے بعد 9 بجے 25 منٹ سے 11 بجے 24 منٹ تک تین ابتدائی لیکچر ہوں گے ۔ 11 بجے 25 منٹ سے 11 بجے 35 منٹ تک دس منٹ کا وقفہ ہوگا۔ پھر 11 بجے 35 منٹ سے 12 بجے 50 منٹ تک دو لیکچر ہوں گے ، اس کے بعد 12 بجے 50 منٹ سے 1 بجے 30 منٹ تک درمیانی وقفہ ہوگا۔ باقی لیکچر دوپہر 1 بجے 30 منٹ سے 3 بجے 55 منٹ تک ہوں گے ، اور آخری پانچ منٹ میں وندے ماترم پڑھا جائے گا، جس کے بعد اسکول برخاست ہوگا۔
اس دوران، طلباء اور والدین اسکول کے لیے نئے بیگز، پانی کی بوتلیں، نوٹ بکس اور کتابوں کی خریداری میں مصروف ہیں۔ مہاراشٹر کے علاوہ، سی بی ایس ای بورڈ کے اسکول 9 جون سے شروع ہو چکے ہیں۔ ریاست کے 11 اضلاع کو چھوڑ کر تمام جگہ اسکول 16 جون سے شروع ہوں گے ۔ ودربھ میں اسکول دیگر علاقوں کی نسبت کچھ دیر سے شروع ہوتے ہیں۔ گرمیوں کی تعطیلات ختم ہو چکی ہیں اور جلد ہی اسکول کی گھنٹیاں بجنا شروع ہوں گی۔