مہدی پٹنم اسکائی واک کی تعمیر 90 فیصد مکمل، عنقریب عوام کو دستیاب

   

30 کروڑ روپئے کے مصارف، 12 اسکلیٹرس، 12 لفٹس اور 20 پیاسنجر ویز، 5 سیڑھیاں نصب

حیدرآباد ۔ 22 فبروری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے اہم جنکشنس پر ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کی جانب سے اسکائی واکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اپل چوراستہ پر 25 کروڑر وپئے کے مصارف سے تعمیر کیا گیا اسکائی واک وہاں کے پیدل راہروں کو سودمند ثابت ہورہا ہے۔ مہدی پٹنم جنکشن پر تعمیر کئے جانے والے اسکائی واک کے تعمیری کام 90 فیصد مکمل ہوگئے۔ جاریہ ماہ فبروری میں اس کے تعمیری کام مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ مہدی پٹنم چوراہا پر ٹریفک کے بھاری مسائل ہیں۔ گچی باؤلی، ہائی ٹیک سٹیل، نانک رام گوڑہ جیسے آئی ٹی علاقوں کو جانے والے۔ شمس آباد ایرپورٹ جانے والی یہ سڑک کافی مصروف رہتی ہے۔ اسی چوراہا پر آر ٹی سی بس اسٹاپس ہونے کی وجہ سے صبح 6 تا رات 11 بجے تک ہر طرف عوام نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرنے میں بہت زیادہ دشواری کا سامنا ہے۔ بعض اوقات حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ کئی لوگ اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے اور سینکڑوں عوام زخمی ہوئے ہیں۔ 30 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والا یہ اسکائی واک دستیاب ہونے سے حادثات کم ہونے کے امکانات ہیں۔ مہدی پٹنم اسکائی واک مکمل طور پر اسٹیل اسٹریکچر سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ 90 فیصد کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے جس کی لمبائی 380 میٹر ہے ماباقی کام تیزی سے مکمل کرتے ہوئے مارچ کے اواخر تک دستیاب کردیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہیکہ مہدی پٹنم کے اسکائی واک کو بین الاقوامی معیار اور اسپیشل آرکیٹکچر کے ساتھ تعمیر کیا جارہا ہے، جس میں 12 اسکلیٹرس لگائے جارہے ہیں تاکہ لوگ بغیر کسی محنت کے آسانی سے اوپر اور نیچے جاسکیں۔ 12 لیفٹس، 20 پاسنجر ویز، 5 اسٹیرکیس سیڑھیاں نصب کی جارہی ہیں۔ یہاں دفاعی اراضیات ہیں۔ حصول اراضیات کیلئے مساوی قیمت کے طور پر 15 کروڑ روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ اسکائی واک پر ارکان خاندان و دوست احباب کے ساتھ بیٹھنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کے بھی اسٹالس لگائے جارہے ہیں جس سے اسکائی واک پر ایک نیا احساس پیدا ہوگا۔2