کانگریس قائدین کی کلکٹر رنگا ریڈی سے ملاقات، 300 خاندان امداد کے منتظر
حیدرآباد: کانگریس قائدین کے ایک وفد نے سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کی قیادت میں کلکٹر رنگا ریڈی سے ملاقات کی۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے عثمان نگر، رائل کالونی اور دیگر علاقوں میں حالیہ بارش کے بعد ہوئی تباہی کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ وشویشور ریڈی کے ہمراہ محمد فیروز خاں ، انیل کمار یادو ، شیخ عبداللہ سہیل اور عظمیٰ شاکر موجود تھے۔ عثمان نگر اوررائل کالونی میں گزشتہ پانچ دن سے 200 سے زائد خاندان پانی میں محصور ہیں۔ حالیہ بارش کے بعد ان علاقوں میں پانی جمع ہوچکا ہے اور گزشتہ چار دنوں سے پانی کی نکاسی کا کوئی نظم نہیں ہے ۔ بلدی حکام نے تقریباً 150 خاندانوں کو قریبی شادی خانوں میں منتقل کردیا ہے لیکن مستقل طور پر مسئلہ کی یکسوئی نہیں کی گئی ۔ کلکٹر سے خواہش کی گئی کہ وہ انجنیئرنگ ڈپارٹمنٹ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کا انتظام کریں ، اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مناسب امداد فراہم کی جائے ۔ کلکٹر رنگا ریڈی نے پانی کی نکاسی کے لئے ضروری کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو غذا اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی اور فیروز خاں نے بتایا کہ غریب افراد کو تالاب کی زمین دھوکہ سے فروخت کی گئی ہے اور بارش کے نتیجہ میں عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ کلکٹر نے علاقہ کا دورہ کیا لیکن پانی جوں کا توں برقرار ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو شادی خانوں میں مقامی افراد کی جانب سے غذا کا انتظام کیا جارہا ہے لیکن بارش سے ہوئے نقصانات کی پابجائی حکومت کی امداد سے ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 250 سے زائد خاندان بھاری نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔ تمام الیکٹرانک سامان کو نقصان پہنچا۔ کلکٹر نے امداد کے سلسلہ میں امکانات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔