میدک۔ 21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک اسمبلی حلقہ کی ترقی صرف تلنگانہ ریاست رکھشنا سینا پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے، اسی یقین اور عزم کے ساتھ بٹّی اجئے نے اپنی اہلیہ بٹی سواتھی کے ہمراہ کویتا کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔تلنگانا بھون میدک میں بٹی اجئے نے پریس میٹ میں کہا کہ 1957 کے اولین انتخابات سے لے کر 2023 تک میدک حلقہ مطلوبہ سطح پر ترقی نہیں کر سکا، جو سابق حکمرانوں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ بٹی اجئے نے کہا کہ صنعتی ترقی نہ ہونے، شہری ترقی کے فقدان اور نجی سرمایہ کاری نہ آنے کے سبب مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع محدود ہو گئے ہیں، جس کے باعث نوجوان تعلیم اور ملازمت کی غرض سے حیدرآباد منتقل ہو رہے ہیں۔ بٹّی اجئے نے کہا کہ میدک میں سیاحتی امکانات بھی بے پناہ ہیں اور میدک فورٹ، میدک کیتھیڈرل اور اڈوپایالہ ونا درگا بھوانی مندر جیسے مقامات عالمی سطح کے سیاحتی مراکز بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن سابق حکمرانوں کی بے توجہی کے باعث ان سے مکمل استفادہ نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کے سروودیہ تلنگانہ کے نظریہ سے متاثر ہو کر انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ بٹّی اجئے نے نوجوانوں سے وعدہ کیا کہ اگر تلنگانہ ریاست رکھشنا سینا کی حکومت قائم ہوتی ہے تو میدک میں اسٹیٹ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، آٹوموبائل اور فارما صنعتیں قائم کی جائیں گی، سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور بے روزگار نوجوانوں کو مناسب روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزارت ریلوے کے تعاون سے ریگولر پسنجر ٹرینوں میں اضافہ کر کے میدک کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر بٹی سواتھی آج پی چندرشیکھر، رمیش گوڑ، کیول نندا کشور، گنیش اور جنید سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔